لوگوں کی جیب سے پیسے نکلوانا کوئی پنجاب حکومت سے سیکھے

آج (4 اکتوبر،2017ئ، کو) ”ڈان“ میں ایک چھوٹی سی خبر شائع ہوئی ہے۔ سرخی یہ ہے: غیرمصدقہ نمبر پلیٹوں پر یلغار (”کریک ڈاؤن“) شروع۔ تفصیل اس خبر کی یہ ہے کہ چیف ٹریفک آفیسر نے منگل کو وارڈنز کو غیر مصدقہ نمبر پلیٹوں کی حامل موٹر بائیکوں اور دوسری گاڑیوں پر یلغار میں شدت لانے کی ہدایت کی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اس یلغار میں شد ت لانا اس لیے ضروری ہے، کیونکہ غیرمصدقہ نمبر پلیٹوں والی گاڑیاں دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

اس خبر نے مہمیز کا کام کیا۔ میں اس معاملے پر گذشتہ ہفتے بھر سے لکھنا چاہ رہا تھا۔ ہوا یوں کہ غالباً پچھلے برس یا ا س سے پچھلے برس جب ان نمبر پلیٹوں کی تشہیر شروع ہوئی، اور چند اخبارات میں دھڑا دھڑ اشتہار چھپنے لگے، تو میں نے یہی سوچا اور سمجھا کہ یہ بھی ان اخباروں کو نوازنے کا طریقہ ہے؛ …