Dr Khalil's Intellectual Space

Pak Political Economy +

Dr Khalil's Intellectual Space

Pak Political Economy +

سیاست کے سینے میں آئین کیوں نہیں دھڑکتا؟

سیاسی قضیے: منگل 6 مارچ، 2018

چند برس قبل، میں نے پاکستان میں بائیں بازو کی جماعتوں کی مختلف دستاویزات دوبارہ دیکھنی شروع کیں، جن میں ان کی طرف سے شائع ہونے والے تجزیات، رپورٹیں، سالانہ جائزے، وغیرہ، شامل تھے۔ یہ چیزیں میرے پاس پہلے سے دستیاب تھیں، کیونکہ میں خود بائیں بازو سے وابستہ رہا تھا۔

ان دستاویزات کے مطالعے کے دوران، جس چیز نے مجھے اپنی طرف متوجہ کیا، وہ ’’آئین‘‘ کے ذکر کا مفقود ہونا تھا۔ ان میں قریب قریب تمام دستاویزات 1973 کے بعد سے تعلق رکھتی تھیں، مگر ان کے پس منظر میں ’’آئین‘‘ کہیں موجود نہیں تھا۔ مثال کے طور پر، پاکستان سوشلسٹ پارٹی، یا مزدور کسان پارٹی کی دستاویزات۔

کیا یہ حیران کن امر نہیں!

سوال یہ ہے کہ کیا آئین کو سامنے رکھے بغیر، کوئی سیاسی گفتگو بامعنی ہو سکتی ہے، خواہ آئین کو تبدیل کرنے کی بات ہی کیوں نہ ہو رہی ہو۔ اور اگر یہ گفتگو بامعنی نہیں تو کیا یہ نتیجہ خیز ہو سکتی ہے۔ قطعاً نہیں۔

آج بھی بائیں بازو کی جو بڑی سیاسی جماعت وجود رکھتی ہے، یعنی پاکستان ورکرز پارٹی، وہ آئین کو درخورِاعتنا نہیں سمجھتی۔ اس کا اندازِنظر یہ ہے کہ ہم سوشلسٹ انقلاب برپا کرنے کی خاطر انتخابی و پارلیمانی سیاست میں حصہ لے رہے ہیں، اور اگر ہمیں یہ محسوس ہوا کہ ہماری یہ جدوجہد باثمر ثابت نہیں ہو رہی تو ہم متشدد انقلاب کی طرف لوٹ جائیں گے۔

دوسری طرف، جہاں تک دائیں بازو کے بیانیے کا تعلق ہے، یہ بھی آئین کو رہنما نہیں مانتا۔ اس میں بھی آئین کو کوئی موثرومقتدر جگہ میسر نہیں ہو پاتی۔

اتفاق سے دو روز پہلے کے ’’دنیا‘‘ اخبار (4 مارچ) کے ایک کالم پر نظر پڑی۔ ایک مذہبی عالم نے اپنے کالم میں ایک مذہبی سیاسی جماعت کی مختصر تاریخ بیان کی تھی، اور آئین کا ’’ذکرِخیر‘‘ کہیں مذکور نہیں ہوا۔

بڑے دھارے کی سیاست کا بھی یہی حال ہے۔ خواہ یہ مسلم لیگ (ن) ہو، یا تحریکِ انصاف، یا پیپلز پارٹی، یا کوئی اور جماعت، ہر کسی کو آئین صرف اس وقت یاد آتا ہے، جب ان کے کسی مفاد پر زد پڑتی ہے۔ ان کی سیاست کے سینے میں بھی آئین نہیں دھڑکتا۔ یہ الگ بات ہے کہ ان کے جماعتی آئین اور انتخابی منشور میں آئین کا ذکر جگہ پا جاتا ہے۔

صاف بات ہے کہ جب تک ہر ریاستی، حکومتی اور سیاسی معاملے میں آئین کو رہنما نہیں مانا جاتا، اور ہر قدم پر اس سے رہنمائی نہیں لی جاتی، اس وقت تک پاکستان میں آئین اور قانون کی عمل داری قائم نہیں ہو پائے گی۔ اور جب تک آئین کی بالادستی قائم نہیں ہو گی، پاکستان پرانے اور مزمن امراض سے نجات حاصل نہیں کر پائے گا۔ جن میں سول حکومت کی بالادستی کا مسئلہ بھی شامل ہے۔

تو بلی کے گلے میں گھنٹی کون باندھے گا؟

اس کا جواب یہ ہے کہ بلی کے گلے میں گھنٹی وہ باندھے گا، جسے شہری اپنے ووٹ کے ذریعے حکومت کا مینڈیٹ دیتے ہیں۔ یعنی سیاست دان۔ قریب قریب سات دہائیاں ہونے کو آ رہی ہیں، سیاست دانوں نے یہ کام نہیں کیا، اور شہریوں اور آئین کے مجرم بنے ہوئے ہیں! وہ یہ کام کب کریں گے؟

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments